لاہور(آئی این پی) سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کے انکار کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کے پاس صرف ایک ہی راستہ بچا ہے کہ وہ قانون سازی کریں اور حالات کو مزید خراب ہونے سے بچائیں ۔لاہور بلاول ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت نے پانا ما لیکس کو سیاسی مسئلہ بنا لیا ہے اور حکومت یہ سمجھ رہی ہے کہ اپوزیشن اسے سیاسی رنگ دے رہی ہے ، سپریم کورٹ آزاد اور غیر جانبدار ادارہ ہے ، چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنانے سے پہلے قانون سازی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ نو از شریف کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے قانون سازی کریں اور حالات کو خراب ہونے سے بچائیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پارلیمنٹ میں آکر اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب دیں اور اپنی پوزیشن کلیئر کریں کیونکہ انکی خاموشی کی وجہ سے روز بروز ملک کی سیاسی صورت حال بھی خراب ہو رہی ہے اور معاشی بھی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پانا ما لیکس پر جواب نہیں دیں گے تو حالات مزید خراب ہونگے اور اس کی ذمہ دار حکومت ہو گی ۔
پانامہ لیکس
پانامالیکس پروزیراعظم جواب دیں: راجہ پرویز