اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) شہر اقتدار میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک کے مغربی روٹ اور نیشنل سکیورٹی سے متعلق بلاول بھٹو کے مطالبے پر بات ہو سکتی ہے، مستقل وزیر خارجہ کے تقرر سے متعلق انکا مطالبہ سمجھ سے بالاتر ہے، سرتاج عزیز کا عہدہ وزیر کے برابر ہی ہے، پاناما لیکس سے متعلق پیپلز پارٹی کا مطالبہ اس لئے غیرمؤثر ہو چکا کیونکہ معاملہ سپریم کورٹ میں جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے جتنے الزامات لگائے ان سے پیچھے ہٹی، الیکشن قوانین میں اصلاحات سے متعلق کمیٹی نے رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کر دی ہے تاہم آئینی ترامیم پر کام ہونا ابھی باقی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ریگولیٹرز کے صرف انتظامی معاملات وزارتوں کے ماتحت کئے گئے ہیں، ریگولیٹرز کی خود مختاری پر کوئی حرف نہیں آئے گا۔ وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ نئے مجوزہ قوانین میں الیکشن کمیشن کو مالی اور انتظامی طور پر خود مختار بنا دیا گیا ہے، نئی اصلاحات کے تحت ارکان اسمبلی کو الیکشن کمیشن میں ایف بی آر میں جمع کرائی گئی ویلتھ سٹیٹمنٹ پیش کرنی ہو گی، جعلی ووٹ کا فرانزک آڈٹ ہو گا، شناختی کارڈ بنتے ہی ووٹ کا اندراج ہو جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد الیکشن پروگرام کو 35 دن تک محدود کر دیا گیا ہے۔
پانامہ لیکس
پاناما بل والا مطالبہ غیرمؤثر ہو گیا