لاہور:(اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس پر مسلم لیگ (ن) کی حکومت کسی دباؤ میں نہیں۔ لاہورمیں تقریب سےخطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدرایازصادق کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے استحکام کے لیے اداروں کو مضبوط کرنا ضروری ہے، پارلیمنٹ عوام کی خواہشات کی ترجمان ہے، دھرنے کے دوران پارلیمنٹ پر حملہ کیا گیا اور اس دوران پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا اور تمام سیاسی جماعتوں نے پارلیمنٹ کی بالادستی کااعادہ کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ مسئلہ کشمیرحل ہونے تک پاک بھارت تعلقات معمول پر نہیں آسکتے لیکن کشمیر پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کیا گیا، کامن ویلتھ کانفرنس میں بھی اسی مسئلے کو اہمیت دی گئی۔ موجودہ دور میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا گیا، فوجی عدالتوں کے لئے 21ویں آئینی ترمیم بھی حکومت ہی کا کارنامہ ہے، اس کے علاوہ انتخابی نظام شفاف بنانے کے لیے 22ویں آئینی ترمیم بھی کی گئی ہے۔ پاناما لیکس پر مسلم لیگ (ن) کی حکومت کسی دباؤ میں نہیں۔ ہم صرف مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔
پانامہ لیکس
پاناما لیکس: حکومت کسی دباؤ میں نہیں، ایاز صادق