اسلام آباد :(اے پی پی) وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ پاناما لیکس پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کو سبوتاژ کرنے کی ایک سازش ہے‘ آرمی چیف نے یہ ثابت کیا کہ وہ جمہوریت کے ساتھ ہیں۔میں نے بنوں جلسہ کی تقریر میں عمران خان کو سمجھانے کی کوشش کی۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے ملکی معیشت ترقی کرے گی جبکہ عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ دراصل پاناما لیکس کا مسئلہ اس موقع پرملک میں جاری پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ سبوتاژ کرنے کے لئے اٹھایا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پانامہ لیکس کی تحقیقات میں تاخیر نہیں چاہتی۔ گزشتہ روز بھی وزیراعظم نے اس حوالے سے کام تیز کرنے کو کہا لیکن اپوزیشن میں نہ مانوں کی پالیسی پر گامزن ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر اپوزیشن کو چیف جسٹس آف پاکستان پر بھی اعتماد نہیں تو اس کا حکومت کے پاس کوئی حل نہیں۔ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ چیف جسٹس پر اعتماد کا اظہار کریں تاکہ تحقیقات کا آغاز کیا جاسکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بنوں جلسے میں عمران خان کو چیلنج نہیں کیا تھا بلکہ ان کو سمجھانے کی کوشش کی کہ وزیراعظم کا ملک میں ایک اہم عہدہ ہے اس عہدے کی عزت کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ وزیراعظم کو برا بھلا کہنا درست نہیں اگر وہ مجھے ملاقات کے لئے دعوت دیں گے تو میں ضرور عمران خان سے ملاقات کروں گا۔
پانامہ لیکس
پاناما لیکس: پاک چین دوستی سبوتاژکرنے کی سازش ہے، اکرم درانی