پانامہ لیکس

پاناما لیکس کےٹی او آرپرڈیڈ لاک برقرار، اپوزیشن نےکل اجلاس بلا لیا

اسلام آباد (آئی این پی) ٹی او آرز ڈیڈ لاک کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس سترہ اگست کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ، اپوزیشن اپنی حتمی حکمت عملی طے کرے گی ۔ پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک کے باعث اب اپوزیشن نے اپنی حتمی حکمت عملی طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سانحہ کوئٹہ سے پہلے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اوراپوزیشن کو ٹی او آرز کے معاملے پر اکٹھے بٹھانے کے لئے اجلاس بلایا تھا جو سانحہ کوئٹہ کے باعث ملتوی کر دیا گیا ، مگر اس کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کوئی رابطہ نہ ہو سکا جس پر اب اپوزیشن نے اپنی حکمت عملی طے کرنے کے لئے کل سترہ اگست کو صبح گیارہ بجے سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کے دفتر میں اجلاس طلب کیا ہے جس میں پیپلزپارٹی ، تحریک انصاف ، مسلم لیگ ق، جماعت اسلامی کے نمائندے شریک ہوں گے ۔ آفتاب شیر پاو ، شیخ رشید ، سینیٹر اسرار اللہ زہری کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے ۔