پانامہ لیکس

پاناما کیس : جے آئی ٹی دوسری رپورٹ آج سپریم کورٹ کے سامنے پیش کریگی

اسلام آباد(ملت آن لائن )پاناما کیس کی مزید تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی اپنی دوسری رپورٹ آج سپریم کورٹ میں پیش کرےگی ۔ پاناما کیس میں جے آئی ٹی نے 15روزہ پیشرفت رپورٹ کو حتمی شکل دے دی جو آج سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی ۔سپریم کورٹ کی جانب سے قائم تین رکنی بینچ جسٹس اعجازافضل کی سربراہی میں جے آئی ٹی کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ کا جائرہ لے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی گذشتہ 15دنوں میں حسن نواز اورحسین نواز کے بیانات قلمبند کرنے کی تفصیلات ،دیگر اہم افراد کو سمن کے اجراءاور قطری شہزادے حماد بن جاسم کے خط سے متعلق اہم پیش رفت کے بارے میں عدالت کو آگاہ کرے گی۔سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن کارپوریٹ سپروائزرونگ کے سربراہ عابد حسین نے حدیبیہ پیپر ملزکیس کا ریکارڈ جے آئی ٹی میں جمع کرا دیا۔واضح رہے جے آئی ٹی نے اس ایک ماہ کے دوران حسین نوازاور حسن نواز کے علاوہ نیشنل بینک کے صدر سعید احمدسے بھی پوچھ گچھ کی ہے۔