لندن: (ملت+اے پی پی) وزیراعظم نوازشریف کہتے ہیں پناما کیس عدالت میں زیرسماعت ہے، رائے دینا مناسب نہیں۔ مخالفین نے ملکی ترقی پیچھے دھکیلنے کیلئے زور لگایا لیکن نا کام رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ ختم ہو رہی ہے۔ لندن میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پناما کیس پر رائے دینا مناسب نہیں لیکن ملک وملت کے لئے بہتر فیصلہ آئے گا۔ بہت سے لوگوں نے پاکستان کو پیچھے دھکیلنے کیلئے زور لگایا مگر کچھ نہیں بنا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ بہت کم رہ گیا، دہشت گردی ختم کر دی، پاکستان کی سٹاک مارکیٹ ایشیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ بلین ڈالر کی سرمایہ کاری سی پیک منصوبے میں ہو رہی ہے۔ اس سے پہلے وزیراعظم نوازشریف نے ڈیووس میں میں اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ عالمی برادری نے پاکستان کے ترقی کی راہ پر گامزن ہونے اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے اقدامات کا اعتراف کر لیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا ترقی کا تسلسل جاری رہے گا۔