پانامہ لیکس

پاناما کیس: مقررہ مدت میں ریفرنس فائل کردینگے، ڈپٹی چیرمین نیب

پاناما کیس: مقررہ مدت میں ریفرنس فائل کر دینگے، ڈپٹی چیرمین نیب
اسلام آباد(آن لائن)ڈپٹی چیرمین نیب امتیاز تاجور کا کہنا ہےکہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کی دی گئی مدت میں ریفرنس فائل کردیں گے۔

سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ 28 جولائی کو سنایا تھا جس میں نیب کو 6 ہفتوں کے اندر شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا گیا تھا جب کہ فیصلے کی روشنی میں نیب نے ریفرنس دائر کرنے کی تیاری شروع کردی ہے جس کےتحت جے آئی ٹی کے سابق سربراہ واجد ضیاء نے بھی بطور گواہ اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) کے ڈپٹی چیرمین امتیاز تاجور نے کہا کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے دیئے گئے وقت میں ریفرنس فائل کردیں گے۔

ڈپٹی چیرمین نیب کا کہنا تھا کہ کسی ایک سیاستدان کے خلاف کام کریں تو وہ ہمارے خلاف بات کرتا ہے، کبھی ایک طرف سے تو کبھی دوسری طرف سے پنچ آتا ہے۔

امتیاز تاجور نے کہا کہ نیب اپنی صلاحیت کے مطابق بھرپور کام کررہا ہے، ہم تنقید کو مثبت انداز میں لے کر اپنی اصلاح بھی کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ نیب نے ریفرنس کے لیے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کو بھی طلب کیا تھا تاہم دونوں فریقین نے نیب کے سامنے نظر ثانی اپیل پر فیصلہ ہونے تک پیش ہونے سے انکار کردیا ہے۔