لاہور: (ملت+اے پی پی) منصورہ لاہور میں بارش کے لئے نماز استسقاء کی ادائیگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ 2016ء پاکستان کیلئے اچھا سال ثابت نہیں ہوا، قوم بارش کیلئے دعا کرے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پوری مدت ملک پر بھاری گزری ہے، نواز شریف کا بھاری مینڈیٹ قوم کیلئے بھاری ثابت ہو رہا ہے، حکمرانوں نے کوئی وعدہ وفا کیا نہ عوام کے مسائل حل ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2016ء میں ملک کے دامن پر پاناما لیکس کی صورت میں کرپشن کا بدنما داغ لگا، جسے نو ماہ گزر جانے کے باوجود دھونے کی کوشش نہیں کی گئی، کرپشن کو روکنے کیلئے کوئی قانون سازی بھی نہیں کی گئی۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ 2017ء کے آغاز میں ہی نئے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کیلئے بڑا امتحان آ رہا ہے، پاناما لیکس پر فیصلہ نہ ہونے سے قوم مایوس ہوئی، پاناما لیکس میں انصاف نہ کیا گیا تو لوگ مایوس ہو جائیں گے اور لوگ چوکوں چوراہوں میں عدالتیں لگائیں گے جو ملک کیلئے خطرناک ہو گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاناما، لندن، دبئی لیکس، سوئس اکاؤنٹس اور قرض معاف کروانے والوں سے بھی حساب لیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ چودھری نثار اور شہباز شریف نے پلی بارگینگ کے قانون کے خلاف بیان دیئے مگر قانون سازی نہیں کر رہے، فوجی عدالتیں محدود مدت کیلئے تھیں، انہیں لامحدود نہ بنایا جائے، مدت پوری ہوتے ہی ختم کر دی جائیں۔ سینیٹر سراج الحق نے یکم جنوری کو حلب کے بچوں کے قتل عام کے خلاف کراچی میں بڑی عوامی ریل نکالنے کا اعلان بھی کیا۔
پانامہ لیکس
پاناما کیس کا فیصلہ نہ ہونے پر سب کو مایوسی ہوئی؛ حق