پانامہ لیکس

پانامہ فیصلہ نے شیخ رشید، عمران کی دھرنا اور لاک ڈاؤن سیا ست کا جنازہ نکال دیا‘رانا ثناء

لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی اموررانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ پانامہ کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کا فیصلہ عظیم ہے اس سے جمہوریت مستحکم ہوگی‘ سپریم کورٹ سے شیخ رشید ، عمران خاں کی دھرنا اور لاک ڈاؤن سیاست کا جنازہ نکلا ہے‘عمران خان کو اب سیاست سے توبہ کرلینی چاہیے اور جمہوریت کو آگے بڑھنے دینا چاہیے‘ ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بر وقت مکمل کر لیا جائیگا۔ جمعرات کے روز گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ ملکی موجود ہ قیادت پر الزام تراشی کا باب آج دفن ہوگیا‘ میاں نواز شریف نے آج سے 8 ماہ قبل سپریم کورٹ سے استدعا کی تھی کہ بے بنیاد الزامات پر مبنی پانامہ ایشو کی انکوائری کے لیے کمیشن تشکیل دے دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ جن لوگوں نے وزیر اعظم پر گھٹیا الزامات لگائے انھیں ڈوب مرنا چاہیے اور اگر وہ ایسا نہ کر سکیں تو 2018میں انتخابات میں ہار کی صورت میں عوامی سزا کا انتظار کریں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے سیا سی مخالفین کی منفی سیاست کا جنازہ بیلٹ باکس کے ذریعے نکلے گاوزیر قانون نے کہا کہ عمران خان کو اب سیاست سے توبہ کرلینی چاہیے اور جمہوریت کو آگے بڑھنے دینا چاہیے ۔ رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رائے قبل از وقت انتخابات کے حق میں نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بر وقت مکمل کر لیا جائیگا۔