پانامہ لیکس

پانامہ لیکس: تحقیقات چیف جسٹس سے کرائی جائیں،سراج الحق

سوات:جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات چیف جسٹس آف پاکستان سے کرائی جائیں، ایوانوں میں بیٹھے حکمران اور سیاستدان کرپٹ ہیں، حکمرانوں کی خارجہ و معاشی پالیسیوں سے ملک مسائل سے دوچار ہے۔ سوات کے علاقے سنگوٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس میں نوازشریف اور ان کے خاندان کے نام آنے سے پاکستان کا امیج متاثر ہوا ہے،اس کی تحقیقات سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں نوازشریف کے علاوہ بیوروکریٹس اور صحافیوں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں روزانہ دو ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے،ایوانوں میں بیٹھے ہوئے حکمران اور سیاستدان کرپٹ ہیں جو دو نمبر کاروبار سے پیسے کما رہے ہیں۔