اسلام آباد:(اے پی پی)سپریم کورٹ کے رجسٹرار ارباب محمد عارف نے ”پانامہ لیکس کی تحقیقات“ کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام سے متعلق چھپنے والی خبر سے مکمل طور پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سپریم کورٹ کو اس کا کوئی علم نہیں ہے، پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے ججز دینے سے انکار کا علم نہیں، نہ حکومت نے کوئی رابطہ کیا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز سپریم کورٹ کی کوریج پر مامور مختلف میڈیا گروپوں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور ججز سمیت کسی کو بھی ایسی کسی درخواست دینے سے متعلق کوئی علم نہیں ، بلکہ ابھی انہیں چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے فون کرکے اس خبر کے چھپنے سے متعلق آگاہ کیا ہے ، اور وہ ان کے ایماءپر ہی یہ بیان دے رہے ہیں ،جب ان سے پوچھا گیا کہ سپریم کورٹ سے ان کی کیا مراد ہے ؟ تو انہوںنے واضح الفاظ میں کہا کہ سپریم کورٹ سے چیف جسٹس سمیت تمام ججز مراد ہے ،انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے حکومت نے عدالتی کمشن کے قیام کے حوالہ سے رابطہ قائم نہیں کیا، قبل ازیں صحافیوں نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج ، جسٹس میاں ثاقب نثار سے بھی سپریم کورٹ میں سرراہ چلتے چلتے اس خبر کے حوالہ سے استفسار کیا تو انہوں نے بھی لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی یہ بات اخبار میں ہی پڑھی ہے۔
رجسٹرار سپریم کورٹ
پانامہ لیکس
پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئےحکومت نے کوئی رابطہ نہیں کیا: رجسٹرار سپریم کورٹ