اسلام آباد (ملت + آئی این پی) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے مقدمے میں جیت سسٹم کی ہوگی ، دونوں فریقین نے سپریم کورٹ فیصلے کو قبول کرنے کا کہا ہے ، بھارت کے چار صوبوں میں انتخابات ہونے والے ہیں جسے جیتنے کیلئے بھارتی وزیراعظم ایل او سی پر جارحیت کروا رہا ہے۔ وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر ہم نے تجویز دی کہ اس حوالے سے تمام جماعتیں اکٹھی ہو کر ٹی او آرز بنائیں مگر ایسا نہ ہو سکا ، پارلیمنٹ 20کروڑ عوام کا منتخب شدہ گورم ہے،اس مسئلہ کو پارلیمنٹ کے ذریعہ حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے مقدمے میں جیت سسٹم کی ہوگی البتہ دونوں فریقین نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 24ویں آئینی ترمیم کے پیش کرنے سے پہلے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جاتا تو اچھا تھا اس میں سوموٹو ایکشن کے فیصلے میں اپیل کے حق کی بھی شق شامل کرنی چاہیے تھی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے جس دن حلف اٹھایا اس کے بعد بھارتی جارحیت کا سلسلہ شروع ہو گیا۔انہوں نے عوام کو خوش رکھنے کے لئے ایل او سی اور مسئلہ کشمیر پر توجہ ہٹانے کے لئے ایل او سی پر جارحیت شروع کر دکھی ہے کیونکہ بھارت کے چار صوبوں میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست اپنی جگہ مگر وہ اپنی جماعت کے فیصلے خود کرتے ہیں
پانامہ لیکس
پانامہ لیکس کے مقدمے میں جیت سسٹم کی ہوگی: شیرپائو