پانامہ لیکس

پانامہ میں نام نہ ہونے کے باوجود وزیراعظم کو نشانہ بنایا گیا: دانیال

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما ؤں طارق فضل چوہدری اور دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عدالت میں تمام شواہد فراہم کئے گئے‘ 1997ء میں نواز شریف اپنے کاروبار سے دستبردار ہوگئے تھے‘ بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے‘ پانامہ میں نام نہ ہونے کے باوجود وزیراعظم کو نشانہ بنایا گیا‘ لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے پر ان کو شرم آنی چاہئے۔ وہ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جمائما کے ٹویٹ ریکارڈ کا حصہ ہیں ۔جمائما نے کہا کہ عمران خان کو کبھی قرض نہیں دیا۔ عمران خان کہتے ہیں کہ قرض کا پیسہ لندن میں ہی ادا کردیا۔ کبھی عمران خان کہتے ہیں فلیٹ کا پیسہ پاکستان لے کر آیا۔ عمران خان الزامات کا جواب کیوں نہیں دیتے۔ عمران خان کے ایک ایک جھوٹ کو پکڑیں گے۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہم نے عدالت میں پہلے دن والا موقف اپنایا ہوا ہے۔ عدالت میں ہماراے موقف کو تسلیم کیا جارہا ہے۔ ہمارا پہلے دن سے موقف تھا وزیراعظم کا نام پانامہ لیکس میں نہیں۔ پی ٹی آئی عدالت میں کوئی ثبوت فراہم نہیں کرسکی یہ بھی ثابت ہوگیا کہ مریم نواز وزیراعظم کی زیر کفالت نہیں۔ مریم نواز کے زیر کفالت سے متعلق عدالت نے ہمارے موقف کو تسلیم کیا۔ اپوزیشن کے تمام جھوٹے دعوے جلد مسترد ہوجائیں گے۔ چاہتے ہیں کیس کا جلد فیصلہ ہو۔ (ن غ)