پانامہ لیکس

پانامہ پیپرزمیں فوج کا کوئی کردارنہیں:عاصمہ

واشنگٹن(آئی این پی) پاکستان کی معروف قانون دان سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر و انسانی حقوق کی علمبردارعاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ پانامہ پیپرز میں فوج کا کوئی کردار نہیں ‘پاکستانی سیاست دان معاملات کو احسن طریقے سے چلانے میں ناکام نظر آتے ہیں ‘آف شور کمپنی کے حوالے سے عمران خان کے بیانات مضحکہ خیز ہیں‘پاکستانی عدالتیں بہت زیادہ دباؤ میں بہترین کام کر رہی ہیں ‘سپریم کورٹ نے بھی مذہبی اقلیتوں کے حوالے سے حالیہ دنوں میں اہم فیصلے کئے۔ وہ واشنگٹن کے ہڈسن انسٹی ٹیوٹ میں سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کی دعوت پر پاکستان کے موجودہ سیاسی حالات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بات چیت کر رہی تھیں۔عاصمہ جہانگیر کے مطابق پاکستانی سیاست دان معاملات کو احسن طریقے سے چلانے میں ناکام نظر آتے ہیں جبکہ پانامہ پیپرز میں فوج کا کوئی کردار نہیں۔عمران خان کی آف شور کمپنی پر عاصمہ جہانگیر کہتی ہیں کہ پاکستان کے سیاسی معاملات پر وہ خود الجھن کا شکار رہتی ہیں، انہوں نے پاکستان میں کرپشن کی تحقیقات کرنے والے اداروں کو زیادہ سے زیادہ اختیارات دینے کا مطالبہ کیا۔عاصمہ جہانگیر کے خیال میں پاکستان کی لوکل عدالتیں اس وقت بہت زیادہ دباؤ میں بہترین کام کر رہی ہیں جبکہ سپریم کورٹ نے بھی مذہبی اقلیتوں کے حوالے سے حالیہ دنوں میں اہم فیصلے کئے۔