پانامہ لیکس

پانامہ کیس جلد ختم ہو جائیگا: احسن بھون

حافظ آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان بار کونسل کے وائس چیئر مین محمد احسن بھون کا کہنا ہے کہ پانامہ کیس جلد ختم ہو جائیگا اس کیس میں میڈیا ٹرائل اور تاخیر سے اعلیٰ عدلیہ اور دیگر اداروں کا تقدس کا مجروع ہو رہا ہے پاکستانی عدالتیں آزاد اور بغیر کسی دباؤ کے اپنا کام کر رہی ہیں ،وزیر اعظم ہو یا کوئی اور سیاستدان سب کو قانون کی ایک نظر سے ہی دیکھنا چاہیے،نہ کہ برسر اقتدار لوگوں کے لئے قانون الگ اور عام لوگوں کے لئے الگ قانون ہو۔ہمیں اپنی اعلی عدلیہ پر اطمینان اور توقع ہے کہ پانامہ کیس ایسا انصاف ہو گا جو نظر بھی آئیگا۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حافظ آباد کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف بردادری سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان بار کونسل کے وائس چےئر مین احسن بھون کا کہنا تھا کہ بار اور بینچ میں ایک مثالی روابط ہونے چاہیں، بار، بینچ کے تعلقات کی بہتری ، وکلاء کا تقدس اور ہڑتالی کلچر کا خاتمہ انکی اولین ترجیح ہے انکا کہنا تھا کہ ہڑتال کے باعث جہاں عدالتوں کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے تو وہیں سائلوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان بار کونسل کا وائس چےئر مین بننا میرے لئے ایک اعزاز کی بات ہے اور یہ سب حافظ آباد کے وکلاء کی محبت اور بھر پور تعاون کا نتیجہ ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان بار کونسل ڈسٹرکٹ بار کے فروغ اور بہتری کے لئے فنڈز بھی فراہم کریگی ۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان بار کونسل ایگزیکٹیوکمیٹی کے چےئر مین اعظم نزیر تارڑ کا کہنا تھا کہ عدالتیں پوری طرح آزاد اور کسی دباؤ کے بغیر کام کر رہی ہیں اوران عدالتوں کے پانچ سال کے فیصلے بھی عوام کے سامنے ہیں۔اعلیٰ عدلیہ نے منتخب وزیر اعظم کو گھر بھجوایا،موجودہ وزیر اعظم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ،ہمیں امید ہے کہ پانامہ کیس بھی جلد حل ہو جائیگا انکا کہنا تھا کہ اگر کوئی یہ کہے کہ اس میں کچھ نہیں ہو گا تو ایسی کوئی بات نہیں اس کیس میں کچھ سرپرائز بھی ہو سکتا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر محمد شعیب بھٹی اور دیگر وکلاء کا کہنا تھا کہ وکلاء برادری نے جس طرح انہیں اپنے پیار اور محبت سے نوازا انشاء اللہ وہ ان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے بار اور وکلاء کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی ہر ممکن کوشش کرینگے۔تقریب سے پنجاب بار کونسل کے ممبر حافظ نثار احمد،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد ارشد بھٹہ ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔وائس چےئر مین پاکستان بار کو نسل احسن بھون نے نومنتخب چےئر مین محمد شعیب بھٹی،سیکرٹری رانا محمد مدثر،نائب صدر شاہد لطیف گل،فنانس سیکرٹری حافظ محمد بلال شیخ،جائنٹ سیکرٹری اعجاز احمد چدھڑ اور لائبریری سیکرٹری عتیق الر حمان ملک سے انکے عہدوں کا حلف بھی لیا۔