پانامہ لیکس

پانامہ کیس میں ہار نظر آنے پر وزیر اعظم کے حواریوں کے ذہنی توازن خراب ہوچکے ہیں

لاہور (ملت + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سیدصمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ پانامہ کیس میں ہار نظر آنے پر وزیراعظم کے حواریوں کے ذہنی توازن خراب ہو چکے ہیں اور وہ بہکی بہکی باتیں کررہے ہیں ، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان وزیراعظم کے درباریوں کے خوابوں میں چھایا رہا ہے۔ پیر کو میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ عمران خان کو سیاست سکھانے والے پہلے وزیراعظم کو کرپشن پر جواب دینے کا مشورہ دیں ، وزیراعظم کے درباری وزیراعظم کے دفاع کی بجائے اپنے محکموں پر توجہ دیں،پورے ملک میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کررکھا ہے ، وزیراعظم اور ان کے درباری گذشتہ چار سالوں سے عوام کو لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے قصے سناتے نظر آئے ہیں جبکہ لوڈشیڈنگ جوں کی توں ہے اور فیتے کاٹے جا رہے ہیں ، ریلوے پھاٹکوں پر معصوم شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں جبکہ درباری عوام کو دودھ او ر شہد کی نہریں نکلنے کی داستانیں سنا رہے ہیں ،عوام ان کے جھوٹے نعرے اور وعدوں سے تنگ آ چکے ہیں اور آئندہ ان کے جھانسے میں آئیں گے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پاکستانی کسان ، تاجر ، تنخواہ دار طبقہ اور مزدور پس کرگئے ہیں اور ان کے گھروں میں بھوک نے ڈیرہ ڈالا ہو اہے ، پنجاب بدلنے کا نعرہ لگانے والوں نے پنجاب سمیت پورے ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے ،حکمران ملک پر قرضوں کے بوجھ ڈال رہے ہیں اور قرضے لے کر عوام کو معیشت کی بہتری کی جھوٹی کہانیاں سنا رہے ہیں، سید صمصام علی بخاری نے کہاکہ جب تک ملک سے کرپشن پر قابو نہیں پایا جاتا اس وقت تک ملک اپنے پاؤں پر کھڑ ا نہیں ہو سکتا، تحریک انصاف کی کرپشن کے خلاف جدوجہد جلد رنگ لائے گی اور کرپٹ سیاستدان اپنے انجام کو پہنچیں گے۔