پانامہ لیکس

پانامہ کیس کا فیصلہ آنے سے قبل ہی شریفوں کے اوسان خطا ہو چکے: صدیق ایڈووکیٹ

میرپور (ملت + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف ضلع میرپور کے صدر چوہدری محمد صدیق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ آنے سے قبل ہی شریفوں کے اوسان خطا ہو چکے ہیں پاکستان اور آزادکشمیر کو درپیش چیلنجز سے عمران خان اور قائدکشمیر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری ہی نکال سکتے ہیں ‘2017ء پاکستان اور آزادکشمیر میں الیکشن کا سال ہے پاکستان میں عمران خان اور آزادکشمیر میں بیرسٹرسلطان محمود چوہدری وزرائے اعظم ہونگے ۔ بھمبر واقعہ غریب عوام پر ظلم کی وہ داستان ہے جس سے ستر سال قبل مہاراجہ ہر سنگھ و ڈوگرہ سامراج کے مظالم کی یاد تازہ ہو گئی ہے بھمبر واقعہ کی جوڈیشل انکوائری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ چوہدری محمد صدیق ایڈووکیٹ نے ان خیالات کااظہار آزادکشمیر کے سینئر سیاستدان و پی ٹی آئی کے رہنماء مشتاق حسین چوہدری ایڈووکیٹ اور جوان سال قانون دان چوہدری محمد عثمان ایڈووکیٹ کے ہمراہ کشمیر پریس کلب کے وزٹ کے دوران کیا اور نومنتخب عہدیداران کے پی سی کو مبارکباد دی ۔ چوہدری محمد صدیق ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ دھاندلی کی پیداوار مسلم لیگ ن کی حکومت کی ناقص کارکردگی سے محض چھ ماہ میں ہی آزادکشمیر کے عوام عاجز آچکے ہیں برادری ازم ، علاقائی تعصب ، اقرباپروری اور لاقانونیت اپنے عروج پر ہے ۔ حکومت اپنے مذموم مقاصد کیلئے سرکاری ملازمین کے تبادلوں کا جھگڑا اور من پسند آفیسران کی ترقیابیاں و بھرتیاں کر کے میرٹ کا جنازہ نکال رہی ہے بھمبر واقعہ اور ارشد غازی کے استعفے کے بعد حکومت آزادکشمیر کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے اگر حکومت نے اپنی روشن نہ بدلی تو بھمبر کے بعد دیگر اضلاع میں بھی وزیراعظم اور وزراء کے قافلے روکنے جیسے واقعات جنم لے سکتے ہیں۔