پانامہ لیکس

پیپلزپارٹی نےبھی وزیراعظم کی نااہلی کیلئےریفرنس تیارکرلیا

کراچی: (اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کو نااہل کرانے کے لئے تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ پیپلزپارٹی نے بھی ریفرنس تیارکر لیا ، لطیف کھوسہ پیر کو ریفرنس الیکشن کمیشن میں دائر کریں گے ۔ مجوزہ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم آرٹیکل 62، 63 پر پورا نہیں اترتے ۔ وزیراعظم نے اہلیہ اور بچوں کے غلط اثاثے ظاہر کئے اور انکم ٹیکس گوشواروں میں بھی غلط بیانی کی ، وزیراعظم نے پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھیجا جو جرم ہے ۔ ریفرنس میں امپورٹ ایکسپورٹ ایکٹ کی خلاف ورزی اور عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعات کی خلاف ورزی شامل کی گئی ہے ۔ بینک ڈیفالٹ سے متعلق اسٹیٹ بینک کا خط بھی ریفرنس میں شامل کیا گیا ہے ۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ نواز شریف کے وزیر اعلیٰ بننے تک کرپٹ پریکٹسز کرتے رہے ۔ الیکشن 2013 میں شریف خاندان ساڑھے 6 ارب کا نادہندہ تھا ۔ اسٹیٹ بینک نے بھی کہا تھا کہ یہ نادہندہ ہیں الیکشن نہیں لڑ سکتے ۔ انتخابات کے بعد شہبازشریف نے رسیدیں دکھائیں کہ رقم کی ادائیگی کردی ہے ۔ شریف خاندان کے خلاف فوجداری مقدمات بھی ہوسکتے ہیں ۔ ریفرنس میں نواز شریف، شہبازشریف، اسحاق ڈار، حمزہ شہباز اور کیپٹن صفدر کو نااہل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔