پانامہ لیکس

پی ٹی آئی کی بولتی بند ہو گئی؛ طلال

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز کے جواب کے بعد پی ٹی آئی کی بولتی بند ہو گئی ہے، آئندہ دو سے تین سماعتوں میں پانامہ کیس حل ہوجائے گا، ’ جو خاتون شادی شدہ اور ٹیکس گزار ہو وہ زیر کفالت نہیں ہو سکتی، سڑک کے ایک طرف اور دوسری طرف اور زبان بولی جاتی ہے، عمران خان نے اپنے کیس کا خود ہی بیڑہ غرق کردیا ہے، تحریک انصاف کوئی ثبوت نہیں دے سکی،صرف اخبار کے تراشے پیش کیے گئے،عوام سے درخواست ہے کہ عمران خان کیلئے ہدایت کی دعا کریں، پانامہ کیس جیتنے کے بعد آئندہ جمعے کو یوم تشکرمنائیں گے۔وہ جمعہ کو عدالت عظمیٰ میں پانامہ کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کیس بڑا سادہ ہے ، تحریک انصاف نے چار سوالات اٹھائے ہیں مگر جس طرح نعیم بخاری دلائل دے رہے ہیں ہمیں یقین ہے کہ پورا کیس چند روز میں حل ہو جائے گا اور ہمارے وکلاء کو دلائل دینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔طلال چودھری نے کہا کہ اب یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ میاں نواز شریف کا پاناما کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اب انکے بچوں کے حوالے سے کیس چل رہا ہے۔ ’’ جو خاتون شادی شدہ اور ٹیکس گزار ہو وہ زیر کفالت نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے عدالت میں ایک اور جواب جمع کرایا ہے مریم نواز کے جواب کے بعد تحریک انصاف کی بولتی بند ہو گئی ہے،مریم نواز نے اپنے ٹیکس کاغذات بھی عدالت میں جمع کرادیئے ہیں جبکہ تحریک انصاف نے انگریزی اخبار کے ایک تراشے کو ثبوت کے طور پر پیش کیا ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ عدالت میں جھوٹ بولنے والا نااہل بھی ہوتا ہے اور سزا بھی ملتی ہے،عمران خان پہلے کنٹینر پر جھوٹ بولت رہے اب عدالت میں جھوٹ بول کر پھنس گئے ہیں،مریم نواز کے زیر کفالت ہونے سے متعلق عمران کے بیانات متضاد ہیں، عمران خان کے پاس کوئی ثبوت نہیں، اس لئے ہمیں دفاع کی بھی کوئی ضرورت نہیں، عمران خان نے اپنے کیس کا خود ہی بیڑہ غرق کردیا ہے ہم ثابت کریں گے کہ مریم نواز لندن فلیٹ کی بینیفشل اونر نہیں ہیں، آئندہ دو سے تین سماعتوں میں کیس حل ہوجائے گا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ سڑک کے ایک طرف اور دوسری طرف اور زبان بولی جاتی ہے، مخالفین نے میاں نواز شریف کو پاناما کیس سے جوڑنے کیلئے عدالت میں جھوٹ بولے مگر وہ آج تک مریم نواز کا زیر کفالت ہونا بھی ثابت نہیں کر سکے ،عوام سے درخواست ہے کہ عمران خان کیلئے ہدایت کی دعا کریں، ہم پانامہ کیس جیتنے کے بعد آئندہ جمعے کو یوم تشکرمنائیں گے۔(ار)