اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وکیل کے عدالت میں دلائل کے بعد پی ٹی آئی کے لوگ مایوس ہو کر واپس جا رہے ہیں۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے جتنی پابندی سے عدالت آتے ہیں اسی طرح سے سکول جاتے تو کچھ سیکھ جاتے کہ جھوٹ نہیں سچ بولتے ہیں اور اگر اتنی روٹین سے پارلیمنٹ آتے تو عوام کے مسائل بھی حل ہو جاتے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کو کرکٹ سے ہی جوا کھیلنے کی عادت ہے اور وہ پاناما کے نام پر سیاسی جوا کھیل رہے ہیں۔ جو میچ وہ عوام کے ووٹ سے نہیں جیت سکے اب وہ جھوٹ سے جیتنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان دھرنے کی طرح یہ جوا بھی ہاریں گے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان نے حساب مانگا ہے اور شریف فیملی حساب دے رہی ہے۔ رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ وزیر اعظم نے عدالت سے استثنیٰ نہیں مانگا، وزیر اعظم تو اپنی تین نسلوں کا جواب سپریم کورٹ میں دے رہے ہیں مگر ہم عمران خان سے تین نسلوں کا حساب نہیں مانگیں گے، ہم آپ سے حساب مانگ کر آپ کو شرمندہ نہیں کریں گے کیونکہ آپ کے پاس نہ تو اپنے باپ کا حساب ہے اور نہ بچوں کا۔ انھوں نے کہاکہ جس دن ہم نے آپ سے سوال پوچھا شرمندگی کے علاوہ آپ کے پاس کچھ نہیں ہو گا۔
پانامہ لیکس
پی ٹی آئی کے لوگ مایوس ہو کر واپس جا رہے ہیں: طلال