پانامہ لیکس

کرپشن کی تحقیقات ہوں گی‘ مشاہد اللہ

اسلام آباد: (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنماء اورایوان بالا کے رکن سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ کمیشن‘ کک بیکس‘ قرضوں کی معافی سمیت کرپشن کی تمام صورتوں کی تحقیقات ہوں گی‘ نہ بھاگیں گے اور نہ بھاگنے دیں گے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتساب موثر تر بنانے کے لئے باقاعدہ آئینی اور قانونی طریقہ اختیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھکیں بڑھکیں ہوتی ہیں اور اپوزیشن کا کام مزاحمت کرنا ہوتا ہے لیکن مزاحمت حقیقی مسائل پر ہو تو رنگ لاتی ہے ورنہ تنقید برائے تنقید کے سوا کچھ نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی جو بھی کام کرے گی اور جو بھی بات چیت ہو اس میں سیاسی کے بجائے ملکی مفاد کو ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ 22ویں آئینی ترمیم کے بڑے فائدے ہوں گے ،اس کے ذریعے انتخابی عمل شفاف ہوگا اور کرپشن کا سدباب بھی ممکن ہوسکے گا ۔انہوں نے کہاکہ نظام کی مضبوطی خوش آئند بات ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے سوال پرانہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کی تنخواہیں درجہ نو کے ملازمین کے برابر ہیں جو کم از کم ان کی حیثیت کے مساوی تو ہونی چاہئیں۔