ملتان (آئی این پی) عوامی راج پارٹی کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف میرا سزائے موت کا بل پاس ہو گیا تو اسمبلیاں خالی ہو جائیں گی۔سب بھاگ جائیں گے اور ایک بھی نہیں بچے گا۔ این اے 150کے حلقہ کی عوام کی خواہش پر الیکشن جعلی گدی نشینوں اور قبضہ مافیا کے خلاف الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ احتجاج جمہوری حق ہے لیکن تشدد کی سیاست نہیں کرنی چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے سینئر رہنما میاں مظہر عباس کے ہمراہ این اے 150کی یونین کونسل 41سادات کالونی کے سیاسی و سماجی رہنما سہیل بھٹی ،ملک اسمائیل بھٹہ، سہیل بھٹہ ، واجد شاہ، محمد کاشف ، عدنان شاہ کی ساتھیوں سمیت عوامی راج پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ میں خطاب کرتے ہو ئے کیا جس میں اہلیان علاقہ نے جمشید دستی پر اعتماد کا بھرپور اظہار کیا۔ جمشید دستی نے مزید کہا کہ کئی مردہ گھوڑے میرے پاس عوامی راج پارٹی میں شمولیت کے لئے آئے لیکن انہیں اس لئے پارٹی میں شامل نہیں کیا کہ وہ کرپٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تخت لاہور نے سرائیکی خطے کے حقوق پر عرصہ 30سال سے ڈاکہ ڈال رکھا ہے اب وقت آگیا ہے کہ اس خطے کی عوام اٹھ کھڑی ہو اور عوامی راج پارٹی کے دیانتدار ، باصلاحیت کارکنوں کو منتخب کرے جو اسمبلیوں میں جاکر ان کے حقو ق کی آواز بلند کریں اور الگ صوبے کے قیام کے لئے عملی طور پر اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال انتہائی ناقص ہو چکی ہے جس کی وجہ سے آج شہری گھروں سے باہر نکلتے ہوئے ڈرتے ہیں مہنگائی ،بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل نے غریب شہریوں کا جینا دوبھر کرکے رکھ دیا ہے۔
پانامہ لیکس
کرپشن کے خلاف میرا سزائے موت کا بل پاس ہو گیا تو اسمبلیاں خالی ہو جائیں گی۔ جمشید دستی