پانامہ لیکس

ہم پاناما کیس میں فریق نہیں بنے: یوسف گیلانی

ملتان (ملت + آئی این پی) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم پاناما کیس میں فریق نہیں بنے،عدلیہ کو پانامالیکس پر فیصلہ کرنے دیں،ہم عدلیہ کے فیصلے کا احترام کریں گے۔سیاست میں تشدد نہیں ہونا چاہئے۔چاہتے ہیں کہ کہ الیکشن کمیشن شفاف اور آزاد ہو اوراس میں قسم کی کوئی شکایت نہیں آنی چاہیے۔جب شفاف وغیرجانبدار الیکشن ہوں گے تو پیپلزپارٹی سرپرائز دے گی۔ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو ان کی عدلیہ نے ہی مستردکردیا ہے،امریکی صدر کو اپنی مسلم مخالف پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی۔پیپلزپارٹی 10مارچ کو ملتان میں بڑا جلسہ کرے گی جس سے بلاول بھٹو خطاب کریں گے۔وہ 10مارچ کے جلسہ عام کے سلسلے میں ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ گراونڈ کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ قائم مقام کمشنر اور پولیس افسران بھی موجود تھے۔یوسف رضا گیلانی کا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس خطے کی عوام نے منوالیا ہے کہ جنوبی پنجاب بھی ملک کا حصہ ہے۔آج وزیراعظم ،وزیراعلیٰ سب جنوبی پنجاب کی بات کرتے ہیں۔مردم شماری کے دوران بھی میں جنوبی پنجاب خطہ کے لوگوں سے اپیل کروں گا کہ وہ زبان کے سیکشن میں سرائیکی لکھیں تاکہ سرائیکی کاز کو فائدہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مضبوط جماعت ہے۔پیپلز پارٹی 10 مارچ کو قاسم باغ اسٹیڈیم میں جلسہ منعقد کرے گی۔جلسہ میں پیپلزپارٹی کی تمام لیڈرشپ کو مدعو کریں گے۔بلاول بھٹو کی سکیورٹی کے مناسب انتظامات کئے جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو ان کی عدلیہ نے ہی مستردکردیا ہے،ہرمسلمان کو بلیک لسٹ نہیں کرنا چاہیے کہ وہ دہشت گرد ہے ۔مذہب اسلام محبت ،امن اور شفقت کا درس دیتا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنا ہوگی۔ْ