پانامہ لیکس

آصف علی زرداری کا لندن میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کرنے سے صاف انکار

لندن (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے لندن میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانامہ لیکس پر پارٹی قیادت نے مشاورت سے موقف اختیار کیا اس معاملے پر پیپلز پارٹی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی معائنے کے لئے برطانیہ آمد کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے مشترکہ دوستوں نے دونوں رہنماؤں کی ملاقات کا پروگرام بنایا تھا جبکہ ملاقات کی خواہش کا اظہار وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے کیا گیا تھا تاہم منگل کو سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم نواز شریف سے لندن میں ملاقات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر پیپلز پارٹی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کھڑی ہے پانامہ لیکس پر پارٹی قیادت نے مشاورت سے موقف اختیار کیا ہے۔ (ن غ)