پانامہ لیکس

بڑا اعلان ہو گا یا روایتی باتیں، چودھری نثار آج پریس کانفرنس کریں گے

بڑا اعلان ہو گا یا روایتی باتیں، وفاقی وزیر داخلہ آج اہم پریس کانفرنس کریں گے

چودھری نثار نے اتوار کو اہم پریس کانفرنس کرنا تھی، جو کمر میں درد اور ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد ملتوی کر دی گئی تھی۔

اسلام آباد: (ملت آن لائن) بڑا اعلان ہو گا یا روایتی باتیں، کون سے راز ہوں گے بے نقاب، سب نظریں چودھری نثار پر، وفاقی وزیر داخلہ آج اہم پریس کانفرنس کریں گے۔ اس سے پہلے کمر درد کے باعث اتوار کو ہونے والی نیوز کانفرنس ملتوی کر دی گئی تھی۔ چودھری نثار علی خان نے اتوار شام پانچ بجے اہم پریس کانفرنس کرنا تھی، جس میں ن لیگ سے اختلافات اور دیگر اہم امور پر گفتگو کرنا تھی مگر کمر میں شدید درد اور ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد انہوں نے پریس کانفرنس ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

…..
چوہدری نثار پارٹی نہیں چھوڑیں گے، جاوید ہاشمی

سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ان کا تجربہ کہتا ہے چوہدری نثار پارٹی نہیں چھوڑیں گے، وہ محنت سے سیاست کا راستہ نکالنا جانتے ہیں ،وزیرداخلہ کو پارٹی نہیں وزارت چھوڑنی چاہیے ۔

ملتان میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار سمجھدار اور عملی سیاست کے طالبعلم ہیں جن کی سوچ کو اچھی طرح جانتا ہوں، وفاقی وزیرداخلہ اداروں سے ٹکراؤ نہیں چاہتے ۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی بھی سیاسی جماعت میں فارورڈ بلاک کی حمایت نہیں کرتا کیوں کہ فارورڈ بلال بنانا سیاسی سازش ہوتی ہے تاہم چوہدری نثار پارٹی نہیں چھوڑیں گے اور وہ کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنائیں گے،حکومت اسی طریقے سے چلتی ہے جیسے چوہدری نثار چاہتے ہیں۔

سینئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ مجھے اندر کی بات کا علم نہیں تاہم چوہدری نثار اندر کے آدمی رہے ہیں اور وہ پارٹی کا سرمایہ ہیں ۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان کو ہمیشہ کہا کہ کسی کے کہنے پر چڑھائیاں نہ کریں جب کہ نواز شریف کو بھی سمجھایا تھا کہ پیسہ ملک سے باہر نہ لے کر جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری سیاست کی لائن تھوڑی سخت ہے، مجھے کہا جاتا تھا کہ اختلاف رائے عوام کے سامنے نہ کروں جب کہ میں کبھی بھی اندر کا آدمی نہیں رہا اور میں کسی کو بھی پسند نہیں تھا۔