پانامہ لیکس

تحریک انصاف نے جب اپنا کیس کمزور دیکھا تو یوٹرن لے لیا: عابد شیر

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں محسن رانجھا ،عابد شیر علی ،طلال چوہدری اورانوشہ رحمن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے جب اپنا کیس کمزور ہوتے دیکھا تو یوٹرن لے لیا ، سپریم کورٹ نے جو بھی فیصلہ دیا ہم قبول کرینگے‘ عمران خان خود عدالتی اشتہاری ہے‘ عمران خان خود ہی کمیشن کا مطالبہ کرچکے ہیں، اب بھاگ رہے ہیں، تحریک انصاف کے ہر اعتراض کا جواب عدالت میں دیا ہے،تحریک انصاف کے وکیل کا کمیشن کے بائیکاٹ کا اعلان توہین عدالت ہے۔ وہ جمعہ کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے جب اپنا کیس کمزور ہوتے دیکھا تو یوٹرن لے لیا ،عدالت کہہ چکی ہے کہ کاغذات کے تسلسل میں خلا ہوا تو فائدہ دوسری جماعت کو ہوگا۔ نعیم بخاری کا کمیشن کے بائیکاٹ کا اعلان توہین عدالت ہے۔ وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہا کہ عمران خان کی بدتہذیبی کی کئی مثالیں دیتے رہے ہیں۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ جو عمران خان چاہیں وہی فیصلہ ہو عدالتی کمیشن کے بائیکاٹ کا اعلان انتہائی شرمناک اور قابل افسوس ہے۔ عمران خان شارٹ کٹ کے ذریعے وزیراعظم بن کر اداروں کو سجدہ ریز دیکھنا چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) سپریم کورٹ کے ہر فیصلے کو تسلیم کریگی۔ عمران خان نے ثبوت پیش کرنے کا کہا تو وہ بتائیں ثبوت کہاں ہیں۔ اخباری تراشوں پر کیس پر فیصلے دیئے جائیں تو عمران خان کے خلاف بھی بہت کیس بنتے ہیں۔ اخبار میں چھپنے والی خبریں ثبوت نہیں ہوتیں۔ وزیراعظم اور ان کے بچوں کے بیانات میں کوئی تضاد نہیں ہے۔ وزیراعظم ہر کام قوم کی خدمت اور عبادت کے لئے کرتے ہیں۔ عمران خان کی سیاست جھوٹ اور الزامات پر مبنی ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا پہلے دن سے موقف تھا کہ پی ٹی آئی عدالت سے بھاگ جائے گی۔ عمران خان نے ثابت کیا کہ وہ سپریم کورٹ کو بھی نہیں مانتے۔ محمد نواز شریف کی تقریروں میں نہیں ۔عمران خان کے موقف میں تضاد ہے۔ پہلے کمیشن نہ بننے پر لاک ڈاؤن کی دھمکیکاں دیتے رہے۔ اب کمیشن کے بائیکاٹ کی باتیں کررہے ہیں۔ روز موقف بدلنے سے بندہ وزیراعظم نہیں بنتا بلکہ بیوقوف لگتا ہے۔ عمران خان کا ہاتھ ہمیشہ دوسروں کی جیبوں پر ہوتا ہے۔ کمیشن عمران خان اور جہانگیر ترین پر بھی بنتا تھا جس کی وجہ سے وہ بھاگ گئے۔ عمران خان نے اثاثوں کے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی چھپایا ہے۔ وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ عدالتی فیصلہ من و عن تسلیم کریں گے۔ ۔ (ن غ)