پانامہ لیکس

پاناما جے آئی ٹی رپورٹ حتمی نہیں،فیصلہ آنا باقی ہے،اسحاق ڈار

اسلام آباد(ملت آن لائن)اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ( جے آئی ٹی ) کی رپورٹ حتمی نہیں اور فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔
ن لیگ کے مشاورتی اجلاس کے بعد وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق اور بیرسٹر ظفر اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں بہت خامیاں اور غلطیاں ہیں جبکہ اس کے بعض کاغذات پر دستخط تک موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ رپورٹ حتمی نہیں ہے جبکہ ماہرین اس کا مطالعہ کررہے ہیں جبکہ وزیراعظم کے خلاف بیانیہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ آج صبح سے ایک مطالبہ شروع ہوگیا ہے حالانکہ کسی کمپنی میں وزیراعظم کا نام نہیں ہے، مخالفین صبر سے کام لیں، ہم نے بھی دھرنا ون اور ٹو میں بہت صبر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پروفیشنل ہوں مجھے ٹیکس بچانے کی کوئی ضرورت نہیں، میں سپریم کورٹ میں ساری ٹریل پیش کروں گا اور اپنی ملکیت میں ایک ایک چیز کا حساب دوں گا ، سوئی سے مرسیڈیز تک سارا ریکارڈ دیا جائے گا جب کہ پاکستان میں بچوں کے کاروبار پرمیں نے پابندی لگائی کہ کوئی الزام نہ لگے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ میں خیرات کھانے والوں میں سے نہیں بلکہ دینے والوں میں سے ہوں جب کہ 2003 میں اپنے بچوں کو خود مختارکردیا تھا اور میرے بچوں نے جو قرض واپس کیا وہ بھی ریٹرنز میں موجود ہے، بچوں نے کمائی 4،3 اقساط میں بینکوں سے بھیجی۔ انہوں نے کہا کہ میرے بچوں کیلیے سوائے آبائی گھر کے کوئی چیز ان کی نہیں ہے جب کہ میں یہ تمام باتیں نہیں بتانا چاہتا تھا لیکن مجبورکردیا گیا کہ میں خیرات اورٹرسٹ سے متعلق باتیں بتاؤں جو کبھی نہیں بتائیں۔