پانامہ لیکس

عمران خان نے خودامریکہ میں آف شورکمپنیاں بنائیں جن کی تحقیقات ہورہی ہیں: دانیال عزیز

اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں دانیال عزیز، طلال چوہدری اور مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے خود امریکہ میں آف شور کمپنیاں بنائیں جن کی تحقیقات ہو رہی ہیں، خان کی سیاسی قلابازیاں یوٹرن دیکھنے کے قابل ہیں، پانامہ لیکس حکومت کے خلاف ایک سازش ہے،حکومت نے پانامہ لیکس کی تحقیقات شروع کیں تو اب عمران خان بھاگ رہے ہیں، قرضے معاف کروانے والے اب اتحاد بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان نے جعلی احتساب کا نعرہ لگایا، اصلی احتساب اب شروع ہو گا،1980میں موٹرسائیکل رکھنے والا آج جہاز کا مالک ہے،جہانگیر ترین جواب دیں کہ آپ نے قرضہ کیوں معاف کروایا۔وہ بدھ کو الیکشن کمیشن کے باہر جعلی حلف نامے جمع کرانے سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کی رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے دوسری مرتبہ بھی انتخابات کو جعلی قرار دے دیا،تحریک انصاف کے جھوٹے الزام ثابت کرنے کیلئے جعلی حلف نامے جمع کرائے، الیکشن کمیشن میں 180جعلی حلف نامے جمع کرائے گئے، تحریک انصاف نے پہلے ریفرنس اور پھر اس کے خلاف حکم امتناعی حاصل کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان نے خود امریکہ میں کمپنیاں بنائیں جس کی تحقیقات ہو رہی ہیں، عوام نے عمران خان کے خلاف ایاز صادق کے حق میں فیصلہ دیا، عمران خان کی سیاسی قلابازیاں اور یوٹرن دیکھنے کے قابل ہیں، عمران خان بتائیں کہ الزامات ثابت نہ ہونے پر قوم سے معافی مانگیں گے، غلط الزامات لگانے پر آئی سی آئی جے نے اپنی غلطی تسلیم کرلی، پانامہ لیکس الزامات کے بجائے ایک سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے پیسے لا کر اسلام آباد میں حملے کئے گئے،عوام کو انصاف دلانے کے نعرے لگانے والے اب خود کٹہرے سے بھاگ گئے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات شروع ہوئیں تو اب عمران خان بھاگ رہے ہیں، قرضے معاف کروانے والے اب اتحاد بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان نے جعلی احتساب کا نعرہ لگایا، اصلی احتساب اب شروع ہو گا، جعلی نعرے لگانے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے نعرے لگانے والے اب قرضہ معافی کیس کے احتساب سے بچنے کیلئے منتیں کر رہے ہیں، 1980 میں موٹرسائیکل رکھنے والا آج جہاز کا مالک کیسے بن گیا ہے، جہانگیر ترین جواب دیں کہ انہوں نے قرضہ معاف کیوں کروایا، جعلی احتساب کا نعرہ لگانے والے اب آنسو بہانے کے بجائے سامنا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سیاسی درجہ حرارت کو بڑھا رہی ہیں لیکن پانامہ لیکس کی تحقیقات نہیں کر رہیں، چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنا رہے ہیں تو اب اپوزیشن بھاگ رہی ہے۔(اح)