پانامہ لیکس

نوازشریف کا نام دیئے جانے کے حوالے سے معافی نہیں‌مانگی :کنسورشیم

لاہور:(آئی این پی) آف شورکمپنیوں کے انکشافات سے دنیا بھر میں تہلکہ مچانے والے انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹیسو جرنلسٹس نے دی نیوزمیں چھپنے والی خبروں کو گمراہ کن قرار دے دیا۔ کنسورشیم کے رکن اور آئرش صحافی رئل جیراڈ نے اپنی میل میں واضح کیا ہے کہ انہوں نے وزیر اعظم کا نام دیئے جانے کے حوالے سے کوئی معافی نہیں مانگی۔ ان کا کہنا تھا پانامہ لیکس میں پہلے بھی واضح طور پر یہ تحریر تھا اور ایک بار پھر واضح طور پر کہتے ہیں کہ وزیر اعظم نواز شریف کا نام انکے بچوں کی آف شور کمپنیوں کی وجہ سے سامنے آیا ہے۔آئرش صحافی کا کہنا تھا دی نیوز کی شہ سرخیوں سے لگتا ہے جیسے انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹیسو جرنلسٹس نے وزیر اعظم کا حوالہ دینے پر معافی مانگی ہے اور ان کا نام رپورٹ سے حذف کر دیا ہے۔ رائل جیراڈ نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستانی وزیراعظم سے پانامہ لیکس پر کسی قسم کی معافی نہیں مانگی، اخبارات میں اس قسم کا تاثرگمراہ کن ہے۔