پانامہ لیکس

نواز شریف کو احتساب عدالت میں پیش نہیں ہونا چاہیے، مریم نواز

نواز شریف کو احتساب عدالت میں پیش نہیں ہونا چاہیے، مریم نواز
لندن (ملت آن لائن)سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ پاپا نواز شریف کو احتساب عدالت میں پیش نہیں ہونا چاہیے اور نہ وہ ہوں گے۔

اپنے ٹوئیٹر پیغام میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا احتساب کی آڑ میں نواز شریف کو سیاسی اور ذاتی انتقام کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ یہ سارا معاملہ ایک ڈھونگ ہے۔

پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کے حکم پر بننے والے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم تحفظات کے باوجود پیش ہوئے اور اس امید کےساتھ پیش ہوئے کہ عدالتی نظام قانونی راستہ اختیار کرے گا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن، حسین اور مریم نواز کے علاوہ کیپٹن (ر) محمد صفدر اور کو آج احتساب عدالت کے روبرو پیش ہونا تھا تاہم ان میں سے کوئی شخص پیش نہ ہوا۔

عدالت نے عدم پیشی پر شریف فیملی کو 26 ستمبر کو دوبارہ طلب کرلیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف تین نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران نیب کی سات رکنی ٹیم نے پاناما کیسز میں نیب کی نمائندگی کی جس میں اسپیشل پراسیکیوٹر سردار مظفر، عمران شفیق، افضل قریشی، سہیل عارف، اصغر خان، عرفان بھولا اور واثق ملک شامل تھے۔