پانامہ لیکس

نیب نے شریف خاندان کو جائیداد کی منتقلی یا فروخت سے روک دیا

نیب نے شریف خاندان کو جائیداد کی منتقلی یا فروخت سے روک دیا

اسلام آباد(ملت آن لائن)قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے تینوں بچوں حسن، حسین اور مریم نواز کو جائیداد کی منتقلی یا فروخت سے روک دیا ہے۔

نیب ذرائع نے بتایا ہے کہ نیب لاہور کی طرف سے نواز شریف اور ان کے تین بچوں مریم نواز ، حسن نواز اور حسین نواز کو خطوط 18 ستمبر کو لکھے جس میں انہیں جائیداد کی منتقلی یا اس کی فروخت سے روک دیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو خط نیب آرڈیننس 99 کی سیکشن 23 کے تحت لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ کسی قسم کی خلاف ورزی نیب آرڈیننس کے سیکشن 23 کی ذیلی شق اے کے تحت قابل سزا عمل ہے۔

نیب نے نواز شریف کے بچوں کو بھی جائیداد کی فروخت اور منتقلی سے روکتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر جائیداد کی فروخت یا منتقلی عمل میں لائی گئی تو یہ قابل سزا جرم ہے۔

ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کی منظوری سے شریف خاندان کو خطوط ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کے حوالے سے جاری کئے گئے ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ پاپا نواز شریف کو احتساب عدالت میں پیش نہیں ہونا چاہیے اور نہ وہ ہوں گے۔

اپنے ٹوئیٹر پیغام میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا احتساب کی آڑ میں نواز شریف کو سیاسی اور ذاتی انتقام کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ یہ سارا معاملہ ایک ڈھونگ ہے۔

پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کے حکم پر بننے والے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم تحفظات کے باوجود پیش ہوئے اور اس امید کےساتھ پیش ہوئے کہ عدالتی نظام قانونی راستہ اختیار کرے گا۔