پانامہ لیکس

نیب نے نوازشریف اور اسحاق ڈار کی رہائشگاہ پر نوٹسز بھیج دیئے

نیب نے نوازشریف اور اسحاق ڈار کی رہائشگاہ پر نوٹسز بھیج دیئے
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر نوٹسز بھیج دیئے۔

پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر ہوچکے ہیں جس پر عدالت کی جانب سے طلب کیے جانے کے باوجود بھی شریف خاندان اور اسحاق ڈار پیش نہیں ہوئے جب کہ عدالت نے اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کردیئے ہیں۔
اسحاق ڈار کا نیب ریفرنس پر ضمانت قبل از گرفتاری لینے کا فیصلہ

نیب کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اسلام آباد کے بعد لاہور میں بھی ان کی رہائش گاہ پر نوٹس بھیج دیا جو انہیں رات گئے وصول کرایا گیا ہے۔

نیب کے مطابق نوٹس آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں جاری کیا گیا ہے۔

دوسری جانب نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی جاتی امرا میں رہائش گاہ پر بھی نوٹس چسپاں کردیا ہے اور نوٹسز جاتی امرا کے گھر کے مین گیٹ پر چسپاں کرائے گئے ہیں۔

نیب کا کہنا ہےکہ جاتی امرا میں نوازشریف کی رہائش گاہ کسی کو فروخت نہیں کی جاسکے گی۔

نیب کے مطابق نوٹس کی کاپیاں چیئرمین ایس ای سی پی ، ڈی جی ایکسائز پنجاب ،ڈی سی لاہور اور تمام بینکوں سمیت دیگر متعلقہ حکام کو بھجوادی گئیں۔

واضح رہےکہ شریف خاندان کے خلاف تین ریفرنس دائر کیے گئے ہیں جو لندن فلیٹس اور آف شور کمپنیوں سے متعلق ہیں جب کہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے رکھنے پر ریفرنس بنایا گیا ہے۔

نیب نے شریف خاندان کے خلاف حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ کھولنے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل بھی دائر کردی ہے۔