پانامہ لیکس

(ن) لیگ کو نیا وزیراعظم منتخب کرنا چاہیے: فواد چودھری

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کو نیا وزیراعظم منتخب کرنا چاہیے،10روز میں پانامہ کا فیصلہ آجائے گا،منرواکمپنی کی مالک مریم نواز ہیں،قطری خط کی کہانی ناقابل یقین ہے،شریف خاندان کے تینوں وکلاء کا موقف الگ الگ ہے۔جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ کیس پانامہ کا ہے اور دانیال عزیز عمران خان کے خلاف باتیں کرتے رہے ہیں،آج کی دستاویزات سے ثابت ہوتا ہے کہ حسین نواز کا فلیٹ سے کوئی تعلق نہیں،سلمان اکرم راجہ صاحب دستاویزات پیش نہیں کرسکے۔انہوں نے کہاکہ ان کے پاس 2006کا ریکارڈ بھی نہیں ہے،سلمان اکرم راجہ نے کمیشن کی مخالفت کی ہے،10روز میں پانامہ کا فیصلہ آجائے گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ لیگی ارکان کو کہتا ہوں کہ وہ بھی کارروائی دیکھیں،(ن) لیگ کو نیا وزیراعظم منتخب کرنا چاہیے،منروا کمپنی کی مالک مریم نواز ہیں،سلمان اکرم راجہ نے مان لیا مریم چند ماہ کیلئے ٹرسٹی تھیں،قطری خط کی کہانی تو ناقابل یقین ہے،شریف خاندان کے تین وکلاء ہیں،تینوں کا موقف الگ الگ ہے۔