پانامہ لیکس

وزیراعظم نواز شریف نے پانامہ پیپر کے حوالہ سے خود کو ہر قسم کی تحقیقات کیلئے پیش کر دیا:شیخ آفتاب

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے پانامہ پیپر کے حوالہ سے خود کو ہر قسم کی تحقیقات کیلئے پیش کر دیا ہے، دھرنے دینا یا قوم کو سڑکوں پر لانے کی باتیں کرنا ملکی ترقی کو روکنے کے مترادف ہے، قوم اس کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔ منگل کو ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے خاندان کو گذشتہ 30 سال سے جانتا ہوں، نواز شریف اور ان کا خاندان کبھی کسی دور میں کرپشن میں ملوث نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ہمیشہ صاف ستھرے انداز سے چلتی رہی ہے، اب جو ایک اعتراض آیا ہے انہوں نے قوم کے سامنے ٹی وی پر کہا ہے کہ وہ ہر قسم کی تحقیقات کیلئے تیار ہیں لہٰذا عمران خان کا یہ کہنا کہ وہ دھرنا دیں گے یا قوم کو سڑکوں پر لانے کی بات کرتے ہیں یہ ملکی ترقی کو روکنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان جس انداز سے آگے بڑھ رہا ہے اس کا راستہ روکنے کی قوم کر اجازت نہیں دے گی کیونکہ قوم یہ سمجھتی ہے کہ پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنے کیلئے یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے۔