پانامہ لیکس

رحمان ملک پاناما جے آئی ٹی کے سامنے پیش

اسلام آباد(ملت آن لائن)سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو گئے۔

رحمان ملک کا جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے قبل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج جے آئی ٹی کے سامنے بطور سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے پیش ہو رہا ہوں، لوگ کہتے تھے کہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوں گا لیکن آج تمام ثبوتوں کے ساتھ پیش ہو گیا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ حدیبیہ پیپر مل کیس کے حوالے سے اپنی رپورٹ کو تسلیم کرتا ہوں، اپنے دور میں جو بھی تحقیقات کیں وہ ذاتی حیثیت میں نہیں بلکہ سرکاری سطح پر کیں اور اس وقت کے صدر کو لکھے گئے خطوط اور ثبوت بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش کروں گا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلے بھی غیر جانبدار رہا اور اب بھی غیر جانبدار ہوں، جے آئی ٹی نے جو کچھ پوچھا انہیں بتاؤں گا اور قوم کو مایوس نہیں کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہاکی کا پلیئر ہوں، کرکٹ نہیں کھیلتا، آج گول کر ہے ہی نکلوں گا، جے آئی ٹی کو منی لانڈرنگ کے حوالے سے مکمل طور پر مطمئن کر کے باہر نکلوں گا۔