پانامہ لیکس

پاناما لیکس:پارلیمانی کمیٹی 4 نکاتی ابتدائیے پرمتفق

اسلام آباد:(اے پی پی) پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے ٹی او آر بنانے والی پارلیمانی کمیٹی 4 نکاتی ابتدائیے پر متفق ہوگئی ہے جس کے بعد کمیٹی جمعے کو ٹی او آرز کا شق وار جائزہ لے گی۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں حکومت کی طرف سے اسحاق ڈار، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، انوشہ رحمان، اکرم درانی اور میر حاصل بزنجو جب کہ اپوزیشن کی طرف سے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن، شاہ محمود قریشی، صاحبزادہ طارق اللہ، طارق بشیر چیمہ، الیاس بلور اور بیرسٹر سیف نے شرکت کی۔ ابتدا میں اسپیکر سردار ایاز صادق بھی موجود تھے تاہم باقاعدہ کارروائی شروع ہونے پر وہ باہر چلے گئے۔ اجلاس کے باقاعدہ آغاز پر اپوزیشن نے حکومتی ٹی اورز پر اعتراض کردیا، ان کا موقف تھا کہ جو ٹی او آر چیف جسٹس آف پاکستان مسترد کرچکے ہیں، ان پر غور نہیں ہوسکتا، اجلاس کے دوران کمیٹی متفقہ طور پر 4 نکاتی ابتدایے پر متفق ہوگئی ہے، کمیٹی کا آئندہ اجلاس جمعے کو ہوگا جس میں حکومت اور اپوزیشن کے ٹی او آرز کا شق وار جائزہ لیا جائے گا۔