پانامہ لیکس

پاناما لیکس کے انکشافات کے بعد ملک میں سیاسی بازار گرم ہوگیا

اسلام آباد:(اے پی پی ) پاناما لیکس کے انکشافات کے بعد ملک میں سیاسی بازار گرم ہوگیا ہے جب کہ وزیراعظم کے دورہ لندن میں ان کے طبی معائنے کو بھی سیاسی رنگ حاصل ہوگیا۔ وزیراعظم نوازشریف آج طبی معائنے کے لیے لندن روانہ ہوں گے لیکن اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کے دورے کو سیاسی رنگ دے دیا ہے کیونکہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پہلے ہی برطانیہ میں موجود ہیں جب کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بھی لندن کے دورے پر روانہ ہورہے ہیں۔ وزیراعظم کے دورہ لندن پر پیپلزپارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیراعظم اس وقت آصف زرداری کی ضرورت محسوس کررہے ہیں اور وہ لندن علاج کے لیے نہیں بلکہ آصف زرداری کے دربار میں حاضری کےلیے ہی جارہے ہیں لیکن اب کی بار ہم نے ان کا ساتھ دیا تو نقصان پیپلزپارٹی کو ہی ہوگا اس لیے اپنی رائے پارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین تک ضرور پہنچاؤں گا۔ ادھر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی لندن روانہ ہوں گے تاہم تحریک انصاف کے ذرائع نے عمران خان کی لندن روانگی سے متعلق کوئی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔ دوسری جانب ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کے بیان کی تردید کردی ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم لندن میں آصف زرداری سے ملنے جارہے ہیں۔