پانامہ لیکس

پانامہ دستاویزات میں نواز شریف کا نام نہیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد(آئی این پی)مسلم لیگ(ن)کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پانامہ دستاویزات میں محمد نواز شریف کا نام نہیں،عمران خان نے سیاسی مقاصد کیلئے محمد نوازشریف کا نام پانامہ کیس سے جوڑا،وزیراعظم نے تمام تر استحقاق اور استثنیٰ کا کوئی حق استعمال نہیں کیا،وزیراعظم خود چاہتے ہیں کہ ان پر لگائے گئے الزامات کا فیصلہ ہو،وزیراعظم محمد نوازشریف پاکستان کی خوش قسمتی ہیں،ہم کاغذات بناتے نہیں جو ریکارڈ پر ہے پیش کرتے ہیں،عمران خان جعلی ای میلز بنانے کے بجائے ثبوت لے کر آئیں۔جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج عدالت میں وہی باتیں ہوئیں جو گذشتہ نو ماہ سے ہورہی ہیں،وزیراعظم نے تمام تر استحقاق اور استثنیٰ کا کوئی حق استعمال نہیں کیا،محمد نوازشریف ملک کے پہلے نہیں تیسری مرتبہ منتخب وزیراعطم ہیں،وزیراعظم خود چاہتے ہیں کہ ان پر لگائے گئے الزامات کا فیصلہ ہو۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو اس کیس کے ساتھ جوڑا گیا،کیس سے متعلق تمام مصدقہ دستاویزات عدالت میں جمع کرائی گئی ہیں،عدالت میں جائیداد اور رقوم کی منتقلی کے دستاویزی ثبوت دیئے گئے،دوسری طرف اخباری تراشے اور جعلی کاغذات عدالت میں دیئے گئے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف پاکستان کی خوش قسمتی ہیں،محمد نوازشریف نے پاکستانی دفاع کو ناقابل تسخیر اور معیشت کو مضبوط بنایا،پانامہ کیس کے بعد عمران خان کا کوئی کاروبار نہیں ہوگا،ہم آج بھی چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت کریں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈالیں اور ملک کو آگے لے کر جائیں،پانامہ دستاویزات میں محمد نواز شریف کا کہیں نام نہیں،عمران خان نے سیاسی مقاصد کیلئے محمد نوازشریف کا نام پانامہ کیس سے جوڑا۔وزیرمملکت کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہاکہ عمران خان اور ان کی جماعت سوشل میڈیا پر ججز کی تضحیک کر رہی ہے،ہم قانون کی پاسداری اور عملداری پر یقین رکھتے ہیں،ہم کاغذات بناتے نہیں جو ریکارڈ پر ہے پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دھاندلی کے الزامات کی طرح وزیراعظم اپنی ذات کے الزامات سے بھی سرخرو ہوں گے،عمران خان جعلی ای میلز بنانے کے بجائے ثبوت لے کر آئیں۔