پانامہ لیکس

پانامہ لیکس بین الاقوامی سازش ہے:ریاض حسین پیرزادہ

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس بین الاقوامی سازش ہے‘ ملک کی معیشت جب بھی مضبوط ہونا شروع ہوتی ہے بعض عناصر اس طرح کا منفی پروپیگنڈا شروع کردیتے ہیں‘ نواز شریف نے کون سا ایسا جرم کیا ہے جو اپوزیشن اچھال رہی ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پانامہ لیکس بین الاقوامی سازش ہے۔ لندن میں وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان ملاقات کے حوالے سے کوئی علم نہیں۔ وزیراعظم صرف علاج کے لئے لندن گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کوئی جرم نہیں کیا جس کو اپوزیشن اتنا اچھال رہی ہے۔ اپوزیشن سمیت کسی میں بھی اخلاقی جرات نہیں تحقیقات کا انتظار کرلیں۔ پانامہ لیکس میں ججز‘ میڈیا سمیت کئی لوگوں کے نام آئے ہیں اس حمام میں سب ننگے ہیں۔ ملک میں جب بھی معیشت مضبوط ہونا شروع ہوتی ہے تو بعض عناصر پروپیگنڈا شروع کردیتے ہیں۔ (ن غ/ و خ)