پانامہ لیکس

پانامہ لیکس میں سیاستدانوں کے علاوہ دیگر لوگوں کے نام بھی سامنے آئے ہیں: شاہی سید

اسلام آباد (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس میں سیاستدانوں کے علاوہ دیگر لوگوں کے نام بھی سامنے آئے ہیں، سب کا احتساب ہونا چاہیے ،68 سال سے ملک مک مکاؤ پر چلتا رہا، اب وقت آ گیا ہے سب کا احتساب ہو، پی ٹی آئی اور ممتاز قادری کے دھرنے کی وجہ سے اسلام آباد والوں کو تکلیف ہوئی، پی ٹی آئی کو لوگوں کیلئے وبال جان نہیں بننا چاہیے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہی سید نے کہا کہ اخلاقیات تمام شعبوں میں ضروری ہیں، ججز، جرنیلوں اور صحافیوں سمیت سیاستدانوں کو احتساب ہونا چاہیے، پانامہ لیکس بین الاقوامی مسئلہ ہے، اب کمپیوٹر کا زمانہ ہے، عوام ٹیکس دینے کیلئے تیار ہو جائیں، اب ٹیکس چھپانا آسان نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنوں سے لوگوں کو اس سے پہلے بھی کئی بار تکلیف پہنچائی گئی، آئندہ اس طرح کے دھرنوں سے لوگوں کیلئے وبال جان نہیں بنانا چاہیے۔(اح+وخ)