پانامہ لیکس

پانامہ پیپرز:15سوالات میں سے 2کو واپس لینےکی پیشکش: اعتزاز

اسلام آباد:(اے پی پی)سینیٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پانامہ پیپرز کے معاملے پر حکومت کے ساتھ کھلے دل اور ذہن کے ساتھ بیٹھے ہیں۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ٹی او آر کمیٹی کے اجلاس کے بعد شاہ محمود قریشی، صاحبزادہ طارق اللہ، الیاس بلور، محمد علی سیف اور طارق بشیر چیمہ کے ہمراہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلا مرحلہ ابھی طے نہیں ہوا، ہم کھلے دل کے ساتھ حکومت کے ساتھ بیٹھے ہیں، ہم نے فراخدلی کے ساتھ ابتدائیے کے چار نکات پر اتفاق رائے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے 15سوالات تھے جن میں سے 2کو واپس لینے کی پیشکش کی ہے، حکومت ان ٹی او آرز پر اصرار کر رہی ہے جو چیف جسٹس نے مسترد کر دیئے ہیں، ہم نے حکومت سے کہا کہ ہمارے 13سوالات کے بعد آپ اپنے جتنے سوالات بھی ڈالنا چاہتے ہیں ڈال لیں ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ٹی او آرز پر شق وار غور ہو چکا ہے، ہمارے تحفظات اپنی جگہ قائم ہیں، ہمارے ہر سوال کے پیچھے قانونی شقیں موجود ہیں، ہمارا ہدف کوئی ایک شخصیت نہیں بلکہ پانامہ پیپرز کی زد میں جو بھی آتا ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔