پانامہ لیکس

کیپٹن (ر) صفدر کی نیب ریفرنسز میں ضمانت منظور

کیپٹن (ر) صفدر کی نیب ریفرنسز میں ضمانت منظور

اسلام آباد(ملت آن لائن)احتساب عدالت نے کیپٹن (ر) محمد صفدر کی نیب ریفرنسز میں 50 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف دائر تین ریفرنسز کی سماعت کی۔

اس موقع پر نیب نے گزشتہ روز ملزم صفدر کی گرفتاری سے متعلق تعمیلی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ ملزم کو 2 اکتوبر کے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے گزشتہ روز گرفتار کیا گیا۔

اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم کو بیرون ملک جانے سے قبل اجازت لینی چاہیے تھی، عدالت ملزم کا پاسپورٹ ضبط کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوائے۔

عدالت نے نیب کی جانب سے کیپٹن (ر) صفدر کو جیل بھجوانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو آئندہ بیرون ملک جانے سے قبل عدالت سے اجازت لینےکی ہدایت کی۔

اس موقع پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ قانون کی حکمرانی ضروری ہے۔

عدالت نے ملزم کیپٹن (ر) محمد صفدر کو 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا۔

خیال رہے کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر گزشتہ روز لندن سے وطن واپس پہنچے تو بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلے سے موجود نیب کی ٹیم نے انہیں حراست میں لے لیا تھا۔

احتساب عدالت نے 2 اکتوبر کو ہونے والی سماعت کے موقع پر کیپٹن (ر) صفدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے جب کہ نیب نے ان کی گرفتاری سے متعلق قومی اسمبلی کے سیکرٹری کو بھی آگاہ کردیا تھا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ احتساب نما انتقام میں تحفظات کے باوجود پیش ہو رہے ہیں اور جو سلسلہ چلا ہے اس کا انجام جلد ہوگا۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جو احتساب سے بھاگ رہے ہیں انہیں کوئی گرفتار نہیں کررہا اور جو خود کو احتساب کے لئے پیش کررہے ہیں انہیں گرفتار کیا جارہا ہے۔