پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہورفیڈربس سروس کا افتتاح کردیا

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پیر کوماڈل ٹاؤن میں لاہورفیڈربس سروس کا افتتاح کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے فیڈر بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ فیڈر بس سروس کے تحت200اےئرکنڈیشنز بسیں14فیڈرروٹس پر صبح6بجے سے رات 11بجے تک رواں دواں ہوں گی،یہ بسیں میٹروکے پورے روٹ پر130کلو میٹر تک کا علاقہ کورکریں گی اورروزانہ1لاکھ20ہزار مسافراس سروس سے مستفید ہوں گے۔ فیڈر بس سر وس ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو میٹروبس سروس تک لانے اورلیجانے کے حوالے سے انتہائی سودمندثابت ہوگی اوراس جدید فیڈر بس سروس کا شہریوں کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔وزیراعلیٰ نے راولپنڈی،اسلام آباداورملتان میٹروبس سروس کے روٹس پر بھی فیڈر بس سروس چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میٹروبس سروس عوام کو دن رات شاندار ،محفوظ،تیزرفتار اورباکفایت سفری سہولیات فراہم کررہی ہے،فیڈر بس سروس اس میں ایک اورشاندار اضافہ ہے۔فیڈر بس سروس پر سفر کرنے کے خواہاں مسافروں سے ایک طرفہ کرایہ 15روپے جبکہ فیڈر بس سروس کے بعد میٹروبس سروس پر سفر کرنے والے مسافروں سے 20روپے کرایہ وصول کیا جائے گا۔اس طرح میٹرواورفیڈر بس سروس کا کرایہ جڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو بہترین سفری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی سے اشرافیہ کے دل میں یہ سوال کانٹے کی طرح چھبے گااورانہیں تکلیف ہوگی کہ عام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پراربوں روپے کی سبسڈی کیوں دی جارہی ہے۔ بڑی گاڑیوں پر اشرافیہ سفر کرے تو وہ ان کا حق ہے اوراگر غریب آدمی کی بات کی جائے تو ان کے دل پر نشتر چلتے ہیں۔ وسائل قوم کی امانت ہیں اورپنجاب حکومت یہ وسائل ایمانداری سے عوام کو تعلیم،صحت اورٹرانسپورٹ کی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کررہی ہے۔مرسڈیز ،پجارواورلمبی گاڑیوں میں سفر کرنے والوں کوعام آدمی کو بہترین اورآرام دہ سفری سہولتوں کی فراہمی پر تکلیف ہوتی ہے اوران کے پیٹ میں مروڑ اٹھتے ہیں اوروہ بلاجواز تنقید کرتے ہیں تاہم مجھے ان باتوں کی کوئی پروا نہیں۔وزیراعظم نوازشریف نے مجھے عوام کی خدمت کی جو ذمہ داری سونپی ہے میں اسے ہر حال میں نبھاؤں گااور عام آدمی کی زندگی بدلنے اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے جو کچھ کرنا پڑا کروں گاتاکہ انہیں بھی احساس ہوکہ وہ بھی پاکستانی ہیں۔