لاہور۔16 اکتوبر(ملت + اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں معاشی استحکام کیلئے حکومتی کاوشیں بار آور ثابت ہوئی ہیں اور قومی معیشت کی بہتری کا اعتراف عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ ملک کی بہتر معاشی صورتحال پاکستان مسلم لیگ ن حکومت کی گزشتہ ساڑھے تین برس کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور ترقی کا یہ سفر بعض شکست خوردہ سیاستدان روکنے کے درپے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہاررکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی شکست خوردہ چہرے ہیں جنہوں نے 2014ء میں دھرنوں کے ذریعے قومی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی کی شاہراہ پر دھرنا دینے والے کسی صورت عوام کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے اور یہ سیاستدان ایک بار پھر یہ عناصر قومی معیشت کو کمزور کرنے کیلئے دھرنا سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض مفاد پرست سیاستدان قومی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ان عناصر کو جان لینا چاہیے کہ سیاست میں کامیابی احتجاج اور منفی سیاست سے نہیں بلکہ عوام کی خدمت سے ملتی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام شکست خوردہ سیاستدانوں کی منفی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔ ایک طرف خدمت، امانت اور دیانت کی شفاف سیاست ہے جبکہ دوسری طرف الزام تراشی، جھوٹ اور افراتفری کی منفی سیاست ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں فیصلے پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں۔ سڑکوں پر فیصلے کرنے کے خواہشمندوں کو اپنے غیر جمہوری طرز عمل پر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ احتجاج اور انتشار کی سیاست کرنے والے ملک کو تباہی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں۔ عوام ایسے شکست خوردہ سیاستدانوں کو پہچان چکے ہیں اور وہ ان کے مقاصد کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو ترقی یافتہ ، پرامن ، خوشحال اور روشن بنانے کا مشن پورا کرے گی۔ عوام احتجاجی سیاست کرنے والوں کو پہلے بھی مسترد کر چکے ہیں آئندہ بھی کریں گے۔
پنجاب حکومت
،ترقی کی شاہراہ پر دھرنا دینے والے کسی صورت عوام کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ۔شہبازشریف
