پنجاب حکومت

’’آئیے سب مل کر سیاست چھوڑ کر دکھی انسانیت کا ہاتھ تھام لیں‘‘

لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے پنجاب حکومت اور رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ کے مابین کڈنی ہسپتال ملتان کی مینجمنٹ کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے اختتام پر خود دعا کرائی اور دعا کراتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں ایک نیک مقصد کیلئے جمع ہوئے ہیں اور ہم سب کا مقصد دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے ۔ پنجاب حکومت اربوں روپے کے وسائل ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری پر خرچ کر رہی ہے۔ آئیے سب مل کر سیاست چھوڑ کر دکھی انسانیت کا ہاتھ تھام لیں اور پاکستان کو عظیم طاقت بنائیں۔ ایسی طاقت جس کا خواب قائد اور اقبال نے دیکھا تھاجہاں سب کو یکساں مواقع میسر ہوں۔ وزیر اعلی نے اپنے خطاب کے بعد پاکستان زندہ باد ، پنجاب انڈس پائندہ باد کا نعرہ لگایا۔وزیر اعلی نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دیئے اور کہا کہ ہسپتالوں میں معیاری علاج معالجے کیلئے ہم دن رات کوشاں ہیں ۔ تا ہم یہ ارتقائی عمل ہے اور اس میں وقت لگے گا لیکن مجھے یقین ہے کہ ہم اپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہو ں گے۔ چیئرمین ریجنل بورڈ انڈس میاں محمد احسن نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف میں دکھی انسانیت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے اور ان کا یہ جذبہ دیکھ کر ہم ان کے ساتھ اس نیک کام میں ہمسفر ہیں ۔وزیر اعلی شہباز شریف نے ہر موقع پر بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے اور آج مظفر گڑھ میں رجب طیب اردوان ہسپتال میں سندھ اور بلوچستان سے بھی مریض آتے ہیں ۔ اسی طرح ملتان سے بھی مریض مظفر گڑھ آتے ہیں ۔ یہ اس ماڈل کی کامیابی ہے۔