احد چیمہ کی گرفتاری: پنجاب بیوروکریسی نے احتجاج ختم کرکے فرائض سنبھال لیے
لاہور:(ملت آن لائن) آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب کی بیوروکریسی نے چیف سیکریٹری کی یقین دہانی پر فرائض سنبھال لیے۔ سابق ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی احد چیمہ کو نیب نے گزشتہ دنوں گرفتار کیا تھا جس پر پنجاب کی سول بیوروکریسی نے احتجاج کیا اور قلم چھوڑ ہڑتال کی دھمکی دی تھی تاہم بعد میں بیوروکریسی دو حصوں میں تقسیم ہوگئی، ڈی ایم جی افسروں کےاحتجاج میں صوبائی سروس کے افسر شریک نہیں تھے۔ سرکاری افسران نے چیف سیکریٹری کی یقین دہانی پر فرائض سنبھال لیے ہیں جس کے بعد پنجاب سول سیکرٹریٹ لاہور میں دفتری معمولات بحال ہوگئے۔
چیف سیکرٹری اسلام آباد میں میٹنگ میں اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری دفتر میں ہیں جب کہ دیگر افسران نے بھی اپنے دفاتر پہنچ کر ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
احد چیمہ کی اخلاقی اور قانونی مدد جاری رکھیں گے، سرکاری افسران
سرکاری افسران کا کہنا ہےکہ تفتیش سے بھاگنے والے نہیں اور تذلیل نہیں ہونے دیں گے، احد چیمہ کی اخلاقی اور قانونی مدد جاری رکھیں گے۔
احد چیمہ کی اہلیہ سے ملاقات
دوسری جانب احد چیمہ کی ان کی اہلیہ سے ملاقات کرادی گئی ہے جو نیب لاہور کے دفتر میں کرائی گئی۔ احد چیمہ اور ان کی اہلیہ کے درمیان ملاقات تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی۔ احد چیمہ کی اہلی ان سے ملنا چاہ رہی تھیں اس لیے یہ ملاقات انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کرائی گئی۔