لاہور(ملت +آئی این پی ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے باوجود ان سے آزادی کا پیدائشی حق کبھی نہیں چھین سکتا اور نہ ہی بھارتی حکومت گولیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کچل سکتی ہے۔ وقت نے کشمیرمیں بھارتی حکومت کی ظلم اور تشدد کی پالیسی کو ناکام ثابت کر دیا ہے اور بھارت کی ظلم و تشدد کی پالیسی نے کشمیری عوام کے دلوں میں آزادی کی تڑپ کو مزید جلا بخشی ہے۔جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنے پیدائشی حق کیلئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں اور اپنے خون سے نئی تاریخ رقم کررہے ہیں۔ کشمیریوں کا جدوجہد آزادی کا جذبہ سرد نہیں ہو گا اور کشمیر کی آزادی کی صبح شہدائے کشمیر کے خون سے طلوع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم رکھنا انصاف کا قتل ہے۔ نہتے کشمیریوں پر بھارتی قابض افواج کے بد ترین ظلم و ستم پر عالمی ضمیر کو بیدار ہونا ہوگا۔ اقوام عالم کی بھارتی مظالم پر خاموشی کا کوئی جواز نہیں۔ عالمی برادری کو بھارت پر مقبوضہ کشمیر میں آگ اور خون کا کھیل فوری طور پر بند کرنے کیلئے دباؤ ڈالنا چاہیئے۔
پنجاب حکومت
اقوام عالم کی بھارتی مظالم پر خاموشی کا کوئی جواز نہیں، شہبازشریف
