لاہور (ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایڈز انسانی جسم کی بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت کم کردیتا ہے، لہٰذاایڈز سے بچاؤ کیلئے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے موثر انداز میں آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ایڈز جیسی مہلک بیماری سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر انتہائی ضروری ہیں اور مرض سے بچاؤ کیلئے زندگی بسر کرنے کیلئے مثبت رویوں کو اختیار کیا جانا چاہیئے۔ اس مہلک مرض کا سستااور موثر علاج یہی ہے کہ ا یڈز سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن احتیاط برتی جائے اور اس بیماری کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے تسلسل کے ساتھ اقدامات جاری رکھے جائیں۔وزیر اعلیٰ نے ایچ آئی وی (ایڈز) سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کے منانے کا مقصد عوام الناس میں اس جان لیوا مرض سے احتیاط کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ بہتر زندگی بسر کرکے اس بیماری سے محفوظ رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت مریضوں کو مفت ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولت میسر ہے، اسی طرح صوبے میں محفوظ انتقال خون یقینی بنانے کیلئے بلڈسکریننگ کو لازم قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایچ آئی وی (ایڈز) سے بچاؤ کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے لیکن ایڈز کی روک تھام کیلئے حکومت کے ساتھ سول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اس مہلک مرض سے بچاؤ کیلئے تمام ضروری احتیاطی اقدامات کے بارے میں شعور کو اجاگر کرنے کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائیں گے اور ایڈز کے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔
پنجاب حکومت
ایڈز ڈے: وزیر اعلیٰ کا پیغام
