لاہور (ملت + آئی این پی) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن خلدون جاویدملک نے کہا ہے کہ تاپی گیس منصوبہ عملی مرحلہ میں داخل ہونے سے توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا گیس پائپ لائن کی تعمیر سے نہ صرف انڈسٹری کی گیس کی ضروریات پوری ہونگی بلکہ یہ پائپ لائن خطہ میں امن ، خوشحالی اور استحکا م کا باعث ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر شفیق اے نقی ،وائس چیئرمین میاں شہریار علی کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خلدون جاوید ملک نے کہا کہ اربوں ڈالر مالیت کا ترکمانستان، افغانستان، پاکستان ،بھارت (تاپی) گیس پائپ لائن پراجیکٹ انجینئرنگ اینڈ ڈیزائن روٹ سروے کے بعد پاکستان میں اپنے عملی مرحلہ میں داخل ہوگیا ہے اس منصوبہ کے تحت66انچ قطر کی پائپ لائن جس کی لمبائی1680کلومیٹر ہے پاکستان میں بچھائی جارہی ہے جو یومیہ3.2ارب کیوبک فٹ گیس ترکمانستان سے براستہ افغانستان پاکستان کی سرحد تک پہنچائے گی ۔اور اس سے خطہ کی گیس کی ضروریات پوری ہونگی ۔اور اس گیس کو پاورپلانٹس میں استعمال سے عوام کو سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔انہوں نے کہا کہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ سے حاصل ہونے والی وافر گیس کو انڈسٹریزمیں استعمال میں لانے سے صنعتی پہیہ مسلسل رواں دواں ہوگا اور ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ملکی برآمدات اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا۔
پنجاب حکومت
تاپی گیس منصوبہ سے توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا ‘خلدون جاوید
